ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / عام انتخابات جمہوریت اور سیکولرزم پر یقین نہ رکھنے والوں کے خلاف ملک گیر سطح کی نمائندہ شخصیات پر مشتمل کونسل کا سیاسی مشاورتی اجلاس 

عام انتخابات جمہوریت اور سیکولرزم پر یقین نہ رکھنے والوں کے خلاف ملک گیر سطح کی نمائندہ شخصیات پر مشتمل کونسل کا سیاسی مشاورتی اجلاس 

Sat, 16 Mar 2019 23:21:19  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:16 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ملک میں سیکولرزم جمہوری اقدار ،رواداری ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ،مذہبی ومعاشرتی مساوات کی بقا اور اس کے تحفظ کے تئیں عام انتخابات ملک کے 135 کڑور عوام کیلئے ایک ایسی جنگ ہے جس کے تعلق سے تمام انصاف پسندوں اور جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والوں کو متحدو منظم ہوکر کام کرناہوگا ۔ ہر سطح پر ا س کیلئے جدوجہدکی جائے گی اور رائے دہندگان کو زمینی سچائیوں سے واقف کرانا ہوگا ۔ اس ضمن میں ملی کونسل نے تمام ریاستوں کے سربرآوردہ علماء کرام ،دانشوروں ،سیاسی شعور رکھنے والوں اور کونسل کے نمائندہ ارکان کے ساتھ مختلف پہلوؤں پر بحث ومناقشہ کیا اور انتخابات عمومی کے سلسلے میں ضروری تجاویز منظور کی۔تمام امور پر متفقہ فیصلے بھی ہوئے ۔واضح رہے کہ ملی کونسل کا مذکورہ اجلاس آئی او ایس کی کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت کونسل کے قومی صدر حضرت مولانا حکیم محمد عبد اللہ مغیثی نے کی ۔صدر کونسل نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ماضی قریب ،موجودہ خطرات اور مستقبل کے اندیشوں کے پیش نظر کونسل نے پوری حکمت عملی کے ساتھ یہ اجلاس طلب کیا تاکہ مستقبل کیلئے ہم متحدہ لائحہ عمل طے کرسکیں ۔یقیناًاس کیلئے غیر معمولی جدوجہد در کار ہے اور ہمیں اچھی سوچ کا مظاہرہ بھی کرنا ہے ۔انشاء اللہ ہم مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھائیں گے تو کامیابی ہمیں یقیناًملے گی ۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظورعالم نے اپنے افتتاحی اور اختتامی گفتگو میں ووٹوں کی طاقت کے حوالے سے کہاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ پولنگ کرانی ہے اور منوواد نے جس طرح سر اٹھایاہے اور منو اسمرتی کو جس طرح ملک میں نافذ کئے جانے کی خفتہ اور کھلی جدوجہد جاری ہے ہم اپنے ناخن تدبیر سے انہیں شکست دینے کیلئے تیار رہیں ۔ اس موقع پر کونسل نے مختلف جہتوں سے اپنے تیارکردہ منشور مطالبات اجلا س میں پیش کیا جسے شرکاء نے متفقہ طورپر منظوری دی ۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد منظور عالم کے مضامین کا مجموعہ ’’ اندیشے جو سچ ثابت ہوئے ‘‘ کا اجراء بھی عمل میں آیا ۔شرکاء اجلاس کا اجتمامی موقف یہی تھاکہ ہمیں اپنے ووٹ فیصد بڑھانے پر خصوصی توجہ دینا ہے اور مزید پیش رفت کیلئے مستقبل ساز امور انجام دینا ہے ۔ملی کونسل کے اس مرکزی سیاسی مشاورتی اجلاس میں نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ مسجد پر جس طرح بربریت آمیز دہشت گردانہ حملہ ہوا اور 49 نمازیوں کو جس طرح شہید کردیاکونسل نے اس دہشت گردی پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا نیز تمام شہدا ء کیلئے بلندی درجات کی دعائیں کیں۔اجلا س میں صدر وجنرل سکریٹری کے علاوہ مولانا یاسین علی عثمانی نائب صدر کونسل ، مولاناسید مصطفی رفاعی ندوی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری کونسل ، ایس ایم عبد الرحیم پٹیل چننئی ، منیر احمد خان اندور ، مشرف حسین ،عبد القیوم اختر ایڈوکیٹ ، سید مجاہد علی نقوی ایڈوکیٹ ، جناب عبد الطیف آر کو ،مولانا آس محمد گلزار قاسمی ،پروفیسر حسینہ حاشیہ نئی دہلی، قاری مظہر ندوی کھجرانہ ،قاضی ابوریحان فاروقی اندور ، مفتی سعید اسعد قاسمی آسنسول ، صبا ح اسماعیل ندوی کولکاتا،مفتی رضوان قاسمی تارا پوری ،عبد الحفیظ لکھانی احمد آباد ، سید اطہر علی ممبئی ،انعام الدین احمد ، ڈاکٹر انوار صدیقی مالیر کوٹلہ ، قاری ذیشان قادری پانی پت ، ڈاکٹر ظہیر احمد خان بلند شہر ، ڈاکٹر پرویز میاں ، شہاب الدین احمد گوہاٹی، نظام الدین شیخ شولاپور ، مشائخ مفتی باقر ارشد قاسمی، سید شاہد احمد ، عاصم سیٹھ افروز ، سلیمان خان بنگلور ، عبد المالک مغیثی سہارنپور، محمد عمر گوتم، اشفاق احمد صدیقی ، مولانا ڈاکٹر اعجاز احمد دربھنگہ ، محمد حسن غوری جودھپور ،مولانا طارق شفیق ندوی سمیت متعدد اراکین عاملہ ،دانشورا ن وعلماء نے شرکت کی ۔


Share: